کاروار 27؍اکتوبر(ایس او نیوز)روٹری کلب کاروار کی طر ف سے ضلع اسپتال میں ورلڈ پولیو ڈے کا انعقاد عمل میں آیا۔اس موقع پر روٹری کلب کے صدر امر ناتھ شیٹی نے استقبالیہ خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ایک زمانے میں پولیو جیسی خطرناک بیماری پانچ سال سے کم عمر کے بچوں پر حملہ کرکے ان کی پوری زندگی تباہ کردیتی تھی۔
اس پس منظر میں روٹری انٹرنیشنل اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے مشترکہ طور پر دنیا بھر کے بچوں کو پولیو ڈراپس پلاکر اس بیماری سے محفوظ رکھنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔جس سے پولیو کے مرض پر قابو پانا ممکن ہوگیا ہے۔اورآج کئی ممالک کو پولیو فری ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔اس میں ہمارا ملک بھی شامل ہے۔پھر بھی اس بیماری کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر شیوانند کوڈتیکر نے کہا کہ ادھر پچھلے کچھ عرصے میں ہمارے ملک میں پولیوسے متاثر ہونے کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا ہے۔ اس کے باوجود دوسرے کچھ امراض کی وجہ سے بعض مقامات پر بچوں کے ہاتھ پیروں سے معذور ہونے کے معاملے دیکھنے میں آئے ہیں۔اسی وجہ سے سال میں دو بار پولیو ڈراپس پلانے کا پروگرم چلایا جاتا ہے۔ڈاکٹر اویناش نے پولیو کے مرض اور اس کی روک تھام میں پولیو ڈراپس کے کردار پر روشنی ڈالی۔منوہر کامبلی نے پروگرام کی نظامت کی۔ پروگرام کے دوران ڈاکٹر امرتا کامتھ اور اسپتال کے میڈیکل افیسرکے علاوہ کاروار روٹری کلب کے بہت سارے اراکین موجود تھے۔